بلوچستانبین الاقوامیپاکستانپنجابخیبر پختونخواںسندھگلگت بلتستانمشرق الوسطیٰ

عالمی یوم القدس پر پاکستان بھر میں ریلیاں اور اجتماعات، رپورٹ

مامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجنژن کے زیر اہتمام تحریک آزادی القدس کے بینر تلے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے نمائش تا تبت سینٹر ’’آزادی القدس ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین سمیت بچوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مظلومینِ فلسطین کی آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی میں شریک افراد نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر “القدس ہمارا ہے”، “اسرائیل مردہ باد”، اور “فلسطین زندہ باد” کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی تھام رکھے تھے جن پر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ ریلی کے دوران فلسطینی بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی جبکہ مختلف مقررین نے اسرائیل کو خطے میں دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی ریلی سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس، ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل و نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان سندھ مولانا قاضی احمد نورانی، رہنماء سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ محمد سعید عباسی، جنرل سیکرٹری سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ رحمان کورائی، جنرل سیکرٹری ہیئت آئمہ مساجد مولانا اصغر حسین شہیدی اور امت واحدہ کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  رہنماؤں نے شہدائے مقاومت سے تجدید عہد کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حماس، حزب اللہ، انصار اللہ یمن سمیت تمام مقاومتی تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے اور اسے صہیونی غاصبوں سے آزاد کرانا ہر مسلمان کی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ رہنماؤں نے عالمی برادری، بالخصوص مسلم حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور یمن جیسا حوصلہ پیدا کریں جو بھرپور قوت کے ساتھ فلسطینیوں کی عملی مدد کیلئے میدان میں ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین، اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار جیسے عظیم مجاہدین کی شہادت سے مزاحمت کا راستہ مزید مضبوط ہوا ہے اور انشاء اللہ شہدائے مقاومت کے خون کی برکت سے دنیا بہت جلد اسرائیل کی نابودی کا منظر دیکھے گی۔  رہنماؤں نے کہا کہ شہید حسن نصراللہ نے بالکل درست فرمایا تھا کہ اسرائیل کی نابودی اب زیادہ دور نہیں، خطے میں مزاحمتی قوتیں اسرائیل کے خلاف مضبوط دفاعی دیوار بن چکی ہیں۔

شیعہ علماء کونسل کی کراچی میں مرکزی القدس ریلی
 شیعہ علماء کونسل پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے مرکزی القدس ریلی ریگل تا کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے ایس یو سی پاکستان کے رہنماؤں علامہ شبیر میثمی اور علامہ اسد اقبال زیدی نے خصوصی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل سندھ کے رپنما علامہ قاضی احمد نورانی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے حسنین مہدی، مولانا جعفر سبحانی، مولانا بدرالحسنین، مولانا عباس مہدی ترابی، مولانا حسن رضا، مولانا سجاد حاتمی و دیگر رہنماؤں  نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء ریلی نے امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔

لاہور، تحریک بیدارئ امت مصطفی کے زیرانتظام القدس ریلی
جمعۃ الوداع کے موقع پر تحریکِ بیداریِ امتِ مصطفیٰ کے زیرِاہتمام ملک بھر میں یوم القدس انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں القدس ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور میں جامعہ العروۃ الوثقیٰ سے ناصر باغ تک نکالی جانیوالی مرکزی ریلی کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ بعد ازاں ناصر باغ میں ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام باحجاب خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سربراہ تحریک بیداری کا کہنا تھا کہ امریکہ کا مقصد اپنے ناجائز اڈوں کو برقرار رکھنا اور غاصب صیہونی ریاست کو پُرامن، مستحکم اور خطے کی ایک معمول کی ریاست کے طور پر تسلیم کروانا ہے۔ خیانت کار اور بے ضمیر عرب حکمرانوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے صیہونیوں سے تعاون کیا ہے، اور یہ واضح ہے کہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم انہی کی ایما پر ہو رہے ہیں۔

اصغریہ اسٹوڈنٹس و علم و عمل تحریک کے تحت حیدرآباد میں آزادی القدس ریلی کا انعقاد
القدس ریلی میں بچوں، خواتین اور بلند حوصلہ بزرگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، شرکاء تحریک آزادی فلسطین کے حق میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف پلے کارڈز، بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکا و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بھی لگائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ امریکا عالم انسانیت کیلئے خطرہ بن چکا ہے، مشرق وسطیٰ میں انسانیت سوز واقعات اور اسلامی ممالک میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کیلئے اپنے حواریوں سے دہشتگردانہ کارروائیاں کروا رہا ہے، عالم انسانیت کی دشمن قوت داعش، القاعدہ کو پروان چڑھانے میں امریکا کا ہاتھ ہے، جبکہ ان کے خلاف ایران نے انسانیت کے دفاع میں شہید قدس جنرل قاسم سلیمانی کی سربراہی میں شکست دی ہے۔

سکردو؛ عالمی یوم القدس کی مناسبت سے عظیم الشان ریلی 
عالمی یوم القدس کی مناسبت سے بلتستان سکردو میں نمازِ جمعۃ الوداع مرکزی عیدگاہ میں نائب امام جمعہ سید
باقر الحسینی کی اقتداء میں ادا کی گئی، جبکہ نماز کے بعد ہزاروں نمازیوں نے یادگار شہداء تک فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی۔عالمی یوم القدس کی ریلی میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے شرکت کی، جبکہ کراچی سے آئے ہوئے مہمان علمائے کرام نے شرکت اور خطاب کیا۔
یادگار شہداء چوک پر، پاکستان کے معروف عالم دین اور خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور غاصب اسرائیل کے جرائم پر امت مسلمہ سے اپنی خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button