حکومت نے پاکستانی صحافیوں کے دورۂ اسرائیل کا نوٹس لے لیا

پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستانی صحافیوں کے دورۂ اسرائیل سے متعلق سوالات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ ’’اسرائیل کے سفر‘‘ کے لیے کارآمد نہیں، لہٰذا، موجودہ قوانین کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں اور نہ ہی پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے کوئی مؤقف تبدیل ہوا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی این جی او ‘شراکا’ کی زیر نگرانی پاکستان سے صحافیوں اور دیگر شخصیات پر مبنی ایک وفد پچھلے دنوں اسرائیل کے دورے پر تھا جس نے وہاں جا کر اسرائیل کی مکمل حمایت اور مظلومین فلسطین، لبنان اور یمن کے خلاف کھل کر بیان دیے ہیں۔
یہ پہلی بار نہیں کے پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل کے دورے پر گیا ہو کچھ سال قبل بھی صحافیوں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والا ایک وفد اسرائیل کے دورے پر گیا تھا۔