ڈی آئی خان، فورسز کے آپریشن میں 10 خوارج ہلاک، کیپٹن شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 خوارج ہلاک جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا کیپٹن شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس میں 10 خوارج ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسنین اختر شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مارے گئے خوارج سے ہتھیار اور گولا بارود برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشت گرد بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ علاقے میں دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ کیپٹن حسنین اختر شہید کا تعلق ضلع جہلم سے ہے۔کیپٹن حسنین اختر شہید نے 4 سال دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ کیپٹن حسنین اختر شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔